جاہانسبرگ،17؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)موجودہ افریقی ریاست نمیبیا میں جرمن نوآبادیاتی حکومت کے خاتمے کے ایک سو سال سے زائد عرصے بعد کل جمعرات کو نیویارک کی ایک عدالت میں اْس مقدمے کی پہلی سماعت ہوئی، جس میں جرمنی کو مقامی ہیریرو اور ناما قبائل کی نسل کْشی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی محض دس منٹ تک جاری رہی اور پھر جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اس سماعت میں جرمنی کے کسی نمائندے نے شرکت نہیں کی۔ جرمنی نے گزشتہ برس ان ہلاکتوں کو نسل کْشی تسلیم کر لیا تھا اور آج کل باقاعدہ معافی کے لیے نمیبیا کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے۔ ہیریرو اور ناما قبائل کا مطالبہ ہے کہ زرِ تلافی کی رقوم نمیبیا کی ریاست کو نہیں بلکہ براہِ راست ہلاک شْدگان کے لواحقین کو ادا کی جائیں۔